33 سالہ طویل رفاقت ختم، ن لیگ اور چودھری نثار کی راہیں جدا

Last Updated On 24 June,2018 08:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 63 سے سردار ممتاز اور این اے 59 سے قمر السلام راجا سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان کا مقابلہ کریں گے۔

دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آئندہ عام انتخابات 2018ء میں سابق وزیرِ داخلہ چودھری نثار علی خان کیلئے میدان کھلا چھوڑنے کا فیصلہ نہ کرتے ہوئے اپنے دو امیدوار ان کے مقابلے کیلئے میدان میں اتار دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ نے چودھری نثار کے خلاف دونوں حلقوں میں امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 63 سے سردار ممتاز اور این اے 59 سے قمر السلام راجا شیر کے نشان پر چودھری نثار کا مقابلہ کرنے کیلئے 25 جولائی کو میدان میں اتریں گے۔

اس سے قبل کہا گیا تھا کہ ٹکٹ نہ ملنے کے معاملے پر ناراض چودھری نثار اور ن لیگ کی قیادت میں برف پگھلنے لگی ہے۔ پارٹی قیادت اور چودھری نثار کی طرف سے درمیانی راہ نکال لی گئی ہے، لیکن اب ن لیگ کی جانب سے چودھری نثار کیخلاف قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں سے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ چودھری نثار قومی اسمبلی کے دو اور پنجاب اسمبلی کے دو حلقوں سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔ چودھری نثار ٹکٹ کی درخواست نہ دینے پر اصرار کرتے رہے لیکن لیگی قیادت نے درخواست کے بغیر ٹکٹ نہ دی جس کے بعد سابق وزیر داخلہ نے اپنا فیصلہ کرتے ہوئے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔

ادھر سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے دھمیال میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں جن کے جلسوں میں لوگ بلائے نہیں جاتے خود آ جاتے ہیں۔ پی پی 10 کے عوام نے الیکشن سے پہلے فیصلہ کر دیا ہے۔ اس حلقہ سے کوئی ٹکٹ کے بغیر آئے یا ٹکٹ کیساتھ نامراد ہو کر لوٹے گا۔ عوام نے مجھے حوصلہ دیا ہے اور میرا سر فخر سے اونچا کر دیا ہے۔

چودھری نثار نے کہا کہ ایک خطرہ کی نشاندہی کرنا چاہتا ہوں وہ یہ کہ الیکشن آتا ہے تو طرح طرح کے کھلاڑی سٹیج پر چڑھ جاتے ہیں۔ مجھے لگ رہا ہے کہ کوڑا کرکٹ والی ٹیم میرے سامنے آنے والی ہے۔ یہ وہی ٹیم ہے جو مشرف اور ق لیگ کیساتھ رہے ہیں۔ یہ سیاسی لنڈا بازار ہے جو پیپلز پارٹی اور ق لیگ میں فٹ ہو گئے۔ آج یہ لنڈا بازار عمران خان کیساتھ فٹ ہو گیا ہے۔ انھوں نے پیپلز پارٹی یا ق لیگ کو فائدہ نہیں پہنچایا تو عمران خان کو کیا فائدہ پہنچائیں گے۔

چودھری نثار نے کہا کہ میرا حق ہے کہ قوم کو اپنے اور نواز شریف کے اختلاف کی وجہ بتاؤں۔ میں نے سیاست عزت کے لئے کی ہے۔ وہ خوش نصیب ہوں جو 34 سال سے منتخب ہوتا چلا آیا ہے۔ کبھی وہ کام نہیں کیا جس سے ملک و قوم کو شرمندگی ہو۔ حکومت میں رہ کر کوئی مل فیکٹری یا جائیداد نہیں بنائی۔، جو آیا حلقہ پر لگایا۔

انہوں نے کہا کہ میرے حلقہ کا مقابلہ عمران خان، نواز شریف اور بلاول کے حلقہ سے کرو۔ ہمارا حلقہ کسی دوسرے کے لیڈر سے کم نہیں ہو گا۔ ان سے بہتر ہی ہو گا۔