الیکشن 2018: لاہور کی سیاسی صورتحال پر پروگرام ہیڈلائنز کا سروے

Last Updated On 15 June,2018 11:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن 2018 سروے نتائج کے مطابق لاہور کی سیاسی صورتحال میں ن لیگ کا پلڑا تاحال بھاری ہے، 2013 کے الیکشن میں قومی اسمبلی کی 13 سیٹوں میں سے 12 سیٹں (ن) لیگ کے حصے میں آئی تھیں۔

آئندہ انتخابات میں این اے 131 سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق مد مقابل ہونگے۔ پروگرام ہیڈلائنز کے سروے کے مطابق اس حلقہ میں عمران خان 58 فیصد کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ سعد رفیق 41 فیصد کیساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ یاد رہے 2013 کے الیکشن میں پی ٹی آئی رہنما حامد خان کو اسی حلقے میں سعد رفیق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پروگرام ہیڈ لائنز سروے کے مطابق ایاز صادق اور علیم خان کے حلقے میں ماضی کی طرح لیگی رہنما 50 فیصد کیساتھ آگے ہیں جبکہ علیم خان 43 فیصد کیساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ 7 فیصد دیگر دوسری جماعتیں ہیں۔ یاد رہے 2013 کے الیکشن میں ایاز صادق نے عمران خان کو شکست دی تھی جس کے بعد ضمنی الیکشن ہوا لیکن اس میں بھی لیگی رہنما ہی کامیاب رہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے 2013 کے الیکشن میں لاہور سے صرف ایک نشست پر کامیابی حاصل کی تھی اور وہ حلقہ پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود کا تھا۔ پروگرام ہیڈلائنز کے سروے کے مطابق پی ٹی آئی کے شفقت محمود آج بھی اسی حلقے سے برتری حاصل کئے ہوئے ہیں۔ تحریک انصاف 48 فیصد کیساتھ پہلے، ن لیگ 47 فیصد کے ساتھ دوسرے جبکہ 5 فیصد پردیگر دوسری جماعتیں بھی موجود ہیں۔

الیکشن 2018 میں لاہور کے دوسرے قومی اسمبلی کے حلقوں میں بھی پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) میں ہی ون ٹو ون مقابلے کی توقع ہے، اب دیکھنا یہ ہوگا کہ کیا پاکستان تحریک انصاف لاہور میں کوئی بڑا اپ سیٹ کرنے میں کامیاب ہوتی ہے یا مسلم لیگ (ن) ہی اپنی پرانی روایت کو دہراتے ہوئے لاہور کو اپنا گڑھ ثابت کرے گی۔

یاد رہے پنجاب سے قومی اسمبلی کی 141 نشستیں ہیں، پنجاب کی صوبائی اسمبلی 297 نشستوں پر مشتمل ہے، قومی، صوبائی اسمبلی کا پہلا حلقہ اٹک سے شروع ہوتا ہے جبکہ آخری حلقہ راجن پور میں ہے۔ پرانی حلقہ بندیوں میں پنجاب سے قومی اسمبلی کی نشستیں 148 تھیں مگر نئی حلقہ بندیوں کے بعد یہ تعداد کم ہو کر 141 رہ گئی۔ پنجاب کی سیاست میں جی ٹی روڈ کے شہروں کا اہم کردار ہے۔ پنجاب میں جی ٹی روڈ کے 7 اضلاع میں قومی اسمبلی کے 40 حلقے ہیں، 2013 کے انتخابات میں نواز لیگ 35، تحریک انصاف3 ، ق لیگ 1 اور عوامی مسلم لیگ نے ایک نشست حاصل کی۔