بلاول بھٹو اور شہباز شریف سمیت سیکڑوں امیدواروں کے کاغذات منظور

Last Updated On 14 June,2018 09:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو، شہباز شریف اور خالد مقبول صدیقی سمیت سیکڑوں امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی منظور ہو گئے۔ حمزہ شہباز اور ایاز صادق کے کاغذات پر فیصلہ 18 جون جبکہ فاروق ستار کا 19 جون کو ہو گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پہلی سیڑھی عبور کر لی، ان کے این اے 200 لاڑکانہ اور این اے 8 مالاکنڈ سے کاغذاتِ نامزدگی منظور ہو گئے ہیں۔ ادھر سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو این اے 132 سے انتخاب لڑنے کی اجازت مل گئی جبکہ پی پی 165 سے سکروٹنی مکمل ہو گئی۔

این اے 124 سے حمزہ شہباز اور این اے 133 سے ایاز صادق کے کاغذات کی منظوری کا فیصلہ 18 جون تک لٹک گیا۔ زعیم قادری کے کاغذات پر بھی پی ٹی آئی نے اعتراض لگا دیا۔ سعد رفیق، شفقت محمود اور پرویز ملک سمیت لاہور سے 70 سے زائد اُمیدوار کلیئر قرار دے دئیے گئے۔

فاروق ستار کے این اے 247 سے کاغذات کی سکروٹنی مکمل تاہم فیصلہ 19 جون تک محفوظ ہو گیا۔ این اے 254 پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور این اے 244 سے علی زیدی کے کاغذات منظور ہو گئے۔ کنور نوید جمیل اور حافظ نعیم کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ہے۔