غزہ: (دنیا نیوز) حماس نے جنگ بندی معاہدے کو اہم کامیابی قرار دیا اور کہا اسرائیلی فوج اپنے کسی ہدف کو حاصل نہیں کر سکی۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے ساتھ طے ہونے والے معاہدے پر حماس کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ کو روکنے کے لیے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ فلسطینی عوام کی استقامت اور اس کی اپنی مزاحمت کا نتیجہ ہے۔
غزہ میں حماس و مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر خلیل الحیہ نے جنگ معاہدے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن کی آنکھوں سے آنسو بہے ہم نہ بھولیں گے نہ معاف کریں گے، ہم تمام مزاحمتی گروپس کے مجاہدین کو سلام پیش کرتے ہیں خاص طور پر القدس بریگیڈ کے مجاہدین کو جو اسلامی جہاد کی صف اول کے ساتھی ہیں۔
ڈاکٹر خلیل الحیہ کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ آپ کے عزم، جدو جہد، صبر، قربانیوں اور آپ کی بے شمار خدمات کا صلہ مل گیا، ہم اس لمحے میں عظیم شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جن میں بچے، خواتین، بزرگ، علماء، مجاہدین، ڈاکٹرز، صحافی، دفاعی اہلکار، حکومت، پولیس کے ارکان اور قبائلی افراد شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام افراد کو سلام پیش کرتے ہیں جو اس عظیم اور مقدس لڑائی میں شریک ہوئے اور ان کو خاص طور پر سلام پیش کرتے ہیں جو ان کے بعد عہد پر ثابت قدم رہے اور اس راہ کو جاری رکھا اور اس پرچم کو ان کے بعد اٹھایا۔
خبررساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے حماس رہنما سامی ابو زہری نے کہا کہ جنگ بندی کا معاہدہ ہمارے عظیم فلسطینی عوام کی ثابت قدمی اور غزہ کی پٹی میں 15 ماہ سے زائد عرصے تک دلیرانہ مزاحمت کا نتیجہ ہے۔