صنعا: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج نے یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف متعدد حملے کیے ہیں، حملوں میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر تیدروس ادہانوم بال بال بچ گئے۔
اسرائیلی طیاروں نے یمن میں حوثیوں کے علاقوں پر بمباری کرتے ہوئے دارالحکومت صنعا کے ایئرپورٹ اور حدیدہ شہر میں تیل اور بجلی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس میں 3 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر تیدروس نے بتایا کہ اسرائیل کے فضائی حملے نے صنعاء ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا، اس وقت وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ یمن سے روانہ ہونے والے تھے۔
ڈاکٹر تیدروس یمن میں اقوام متحدہ کے مغوی عملے کی رہائی کے لیے مذاکرات کرنے اور جنگ زدہ ملک کی صحت و انسانی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے موجود تھے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر دیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں "ہمارے طیارے کے عملے کا ایک کارکن زخمی ہوا ہے، جبکہ 2 افراد کی جانیں گئی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا کہ حملے میں ایئرپورٹ کا رن وے، ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور اور ڈپارچر لاؤنج تباہ ہوگئے، انہوں نے کہا کہ وہ حملے کے وقت ڈپارچر لاؤنج سے چند میٹر فاصلے پر ہی موجود تھے تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے۔