لندن پارلیمنٹ میں کانفرنس: کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کا اظہار

Published On 13 December,2024 03:33 am

لندن : (ویب ڈیسک) برطانوی پارلیمنٹ میں منعقدہ ایک کانفرنس کے مقررین نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کی حالت زار پر روشنی ڈالتے ہوئے کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ زون کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس میں تنظیم کے عہدیداروں، اراکین پارلیمنٹ، کونسلرز، انسانی حقوق کے علمبرداروں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی، کانفرنس کی میزبانی ایم پی رچرڈ برگن اورلبریشن فرنٹ یو کے زون کے آرگنائزر امجد نواز نے کی۔

ارکان پارلیمنٹ لیام برن اور ریچل ہاپکنز نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا اور مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔

ایم پی طاہر علی نے تارکین وطن کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر پارلیمنٹ میں اپنی آواز بلند کریں، جبکہ رکن پارلیمنٹ محمد یاسین نے کشمیر کی وکالت کو مضبوط بنانے کے لیے برطانیہ کی بڑی سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

رکن پارلیمنٹ ڈیبی ابراہمز نے لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور انسانی حقوق کے کارکن خرم پرویز کی غیر قانونی حراست سے رہائی کے حوالے سے اپنی کوششوں کے بارے میں بتایا۔