بھارتی پولیس کا سید علی گیلانی کے گھر پر چھاپہ، کتب اور دستاویزات قبضے میں لے لیں

Published On 12 December,2024 12:20 pm

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے علاقے سرینگر میں قابض بھارتی پولیس نے شہید سید علی گیلانی کی رہائش گاہ پرچھاپہ مارا، ان کی کتب اور اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی پولیس نے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں شہید سید علی گیلانی کے گھرپر چھاپہ مارا۔

کے ایم ایس نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے سید علی گیلانی کے کمرے کی تلاشی لی اور کمرے میں موجود ان کی کتب اور اہم دستاویزات وغیرہ ضبط کر لیں، بھارتی پولیس نے ایک گھنٹے تک سید علی گیلانی کے گھرکا محاصرہ کیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے حید پورہ مومن آباد میں ہی واقع تحریک حریت جموں وکشمیر کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا، پولیس دفتر کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوئی اور تلاشی لی، پولیس نے دفتر میں موجود اہم دستاویزت ضبط کر لیں۔

دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس نے سید علی گیلانی کے گھرپر چھاپے کی مذمت کی اور کہا کہ سید علی گیلانی 10 سالہ نظربندی کے دوران شہید ہوئے۔

حریت کانفرنس کا کہنا تھاکہ سید علی گیلانی 2021 میں 10 سال کی نظربندی کے دوران شہید ہوئے اور انہوں نے مرتے دم تک بھارتی غلامی قبول کرنے سے انکار کیا، ان کے گھر پر چھاپہ بھارتی بوکھلاہٹ کا واضح عکاس ہے۔