بلومبرگ کا امریکا کی جانب سے روسی تیل کی برآمدات پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ

Published On 12 December,2024 04:15 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی میڈیا کمپنی بلومبرگ نے ا س امکان کا اظہار کیا ہے کہ امریکا روسی تیل کی برآمدات پر پابندیاں سخت کر سکتا ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کی سبکدوش ہونے والی انتظامیہ جلد ہی روسی تیل کی فروخت پر امریکی پابندیوں کو سخت کرنے کا اعلان کر سکتی ہے، رپورٹ کے مطابق امریکا فی الحال ایرانی تیل پر لگائی گئی پابندیوں کے امکان پر غور کر رہا ہے، اس صورت میں پابندیوں کے امریکی اقدامات روسی تیل کے خریداروں کو بھی نشانہ بنائیں گے۔

بلومبرگ نے کہا کہ یہ اقدام روس کے لئے کسی خطرے سے کم نہیں ہے، کیونکہ روسی تیل کے صارفین میں بھارت اور چین جیسے بڑے ممالک شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے اقدمات عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ کر سکتے ہیں، جس سے عالمی اقتصادی تناؤ پیدا ہو سکتا ہے، بلومبرگ نے مزید لکھا کہ امریکی انتظامیہ مبینہ طور پر روسی تیل کی ترسیل کرنے والے ٹینکرز پر پابندیاں عائد کرنے کے امکان پر بھی غور کر رہی ہے۔