طالبان وزیر خلیل الرحمان حقانی دھماکے میں جاں بحق

Published On 11 December,2024 06:38 pm

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں وزارت مہاجرین کے دفتر پر ہونے والے مبینہ خودکش دھماکے میں وزیر خلیل الرحمان حقانی جاں بحق ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی کے بھتیجے انس حقانی نے تصدیق کی ہے ان کے چچا دھماکے میں جاں بحق ہوگئے۔

58 سالہ خلیل الرحمان حقانی نیٹ ورک کے ایک سینئر رہنما تھے اور2021 میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے بعد طالبان کی عبوری حکومت میں وزیر بنے۔

افغان میڈیا کے مطابق دھماکا وزارت کے دفتر میں ہوا جہاں وزیر خلیل الرحمان حقانی ایک اہم میٹنگ میں مصروف تھے، طالبان اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا گھیراؤ کرلیا، دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ دھماکا خودکش ہوسکتا ہے، تاحال کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔