یوکرین کو جوہری ہتھیار دیے گئے تو تمام ترفوجی وسائل استعمال کرینگے: پیوٹن

Published On 29 November,2024 09:09 am

ماسکو: (ویب ڈیسک ) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ یوکرین کو جوہری ہتھیار دیے گئے تو تمام تر فوجی وسائل استعمال کریں گے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اپنے ایک بیان میں روسی صدر نے کہا ہے کہ یوکرین کے ہر اقدام کو مانیٹر کریں گے، جارحیت کے ہر قدم کا جواب دینے کے لیے روس تیار ہے، جیسا کہ میں نے بارہا کہا ہے کہ ہمیشہ ہماری طرف سے جواب آئے گا۔

اس سے قبل گزشتہ روز یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا تھا کہ روس نے توانائی کی تنصیبات کو کلسٹر امیونیشنز سے نشانہ بنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ روس نے میزائل حملوں میں سول انفرا اسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا ہے، یوکرین کو مزید دفاعی نظاموں کی ضرورت ہے۔

قبل ازیں روس نے 90 میزائلوں اور 100 ڈرونز سے یوکرین کے مغربی علاقوں پر حملہ کیا، یوکرینی وزیر توانائی کے مطابق روس نے ملک کی بجلی کی تنصیبات پر راکٹوں سے بڑا حملہ کیا، حملے کے بعد ملک بھر میں ایمرجنسی بنیادوں پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

رواں ماہ روس کا یوکرین پر یہ دوسرا حملہ ہے، روس نے گزشتہ ہفتے بھی یوکرین کی بجلی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا جس میں 10 افراد ہلاک ہوئے تھے۔