ٹرمپ نے یوکرین جنگ روکنے کی کوشش کی تو انہیں قتل کیا جاسکتا ہے: روس کا انتباہ

Published On 04 November,2024 04:55 am

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے انتباہ کیا ہے کہ ٹرمپ کا انجام بھی سابق مقتول امریکی صدر جان ایف کینڈی جیسا ہوسکتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق روس کی سلامتی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین دیمتری میدویدیف نے کہا ہے کہ امریکی صدارت کے لئے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اگر جیت گئے تو یوکرین میں جنگ نہیں روک سکیں گے، ان کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے جنگ روکنے کی کوشش کی تو اسے قتل کیا جا سکتا ہے۔

سابق روسی صدر میدویدیف جو اپنے متنازعہ بیانات کے لئے مشہور ہیں نے کہا کہ امریکی انتخابات میں روس کے لئے کچھ نہیں بدلے گا، امیدواروں کے مؤقف روس کو شکست دینے پر مرکوز ہیں جو دونوں جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے کی مکمل عکاسی کرتی ہیں۔

میدویدیف نے کہا کہ ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کو احمق، ناتجربہ کار اور خود سر ہیں، وہ اپنے ارد گرد موجود ہرشخص سے خوف زدہ رہیں گی، ملک پر حقیقت میں حکومت کرنے والے چند وزرا اور صدر کے معاونین کے ساتھ اوباما فیملی کے لوگ ہوں گے جو پس پردہ رہ کر کام کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ جنگ نہیں روک سکتے، ایک دن میں نہیں، تین دن میں نہیں یا تین مہینوں میں بھی نہیں، اگر اس نے واقعی کوشش کی تو اس کا انجام جے ایف کے جیسا ہوسکتا ہے، ان کا اشارہ سابق امریکی صدر جان ایف کینڈی کی طرف تھا جنہیں 1963ء میں قتل کردیا گیا تھا۔