صدر مملکت سے سپیکر روسی فیڈرل کونسل کی قیادت میں پارلیمانی وفد کی ملاقات

Published On 28 October,2024 08:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے روس کی فیڈرل کونسل کی سپیکر ویلنٹینا مٹوینیکو کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور روس نے دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تجارت، کاروبار، سرمایہ کاری، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات باہمی احترام، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں، صدر مملکت نے عوام کے مابین روابط، سکالرشپ پروگراموں کے ذریعے ثقافتی روابط مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ دونوں ممالک میں اقتصادی تعاون بڑھانے کے بے پناہ امکانات ہیں، صدر مملکت نے پاکستان میں روس کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے عَشق آباد کے دورے کے دوران صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ اپنی حالیہ خوشگوار بات چیت کا بھی ذکر کیا۔

صدر مملکت نے برکس کا رکن بننے کیلئے روس کی جانب سے پاکستان کی حمایت کی بھی درخواست کی، آصف علی زرداری نے کہا کہ برکس کا رکن بننے سے پاکستان کو علاقائی اور عالمی تعاون میں اپنا کردار بڑھانے میں مدد ملے گی۔

فریقین نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو، نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور کے ذریعے علاقائی روابط، تجارتی تعلقات، اقتصادی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر ویلنٹینا مٹوینیکو نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو ترجیح دیتا ہے، اُمید ہے کہ دونوں ممالک کی پارلیمان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے دوطرفہ تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔

روس کی فیڈرل کونسل کی سپیکر ویلنٹینا مٹوینیکو نے دوطرفہ تجارت میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا، روس کی فیڈرل کونسل کی سپیکر نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کی کامیاب میزبانی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل نشست پر پاکستان کو مبارکباد دی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست کے لیے پاکستان کی حمایت پر روس کا شکریہ ادا کیا۔