دوحہ: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ایک بار پھر امید ظاہر کی ہے کہ آنے والے دنوں میں اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ جنگ بندی مذاکرات کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے جاری دورے کے دوران زیر بحث آنے والے امور کے بارے میں کہا ہم نے اگلے مرحلے کے اقدامات کا جائزہ لیا ہے اور میں دیکھتا ہوں کہ ہم قریبی دنوں میں مذاکرات کی میز پر بیٹھیں گے۔
امریکی وزیر خارجہ نے قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی سے تفصیلی گفتگو کی اور غزہ میں اسرائیلی جنگ کے موضوعات کا جائزہ لیا تاکہ آئندہ دنوں جنگ بندی کی راہ ہموار ہو سکے اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی جلد ممکن ہو سکے۔
ان کی کوشش ہے کہ وہ امریکی انتخابات کے تناظر میں اسرائیل کے لئے خطے کے ملکوں میں نرم گوشہ پیدا کرنے میں کامیابی حاصل کر لیں۔
وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے کہا امریکہ و اسرائیل کے نمائندے کسی بھی وقت قطر آجائیں گے تاکہ جنگ بندی کے لئے مذاکرات کے سلسلے میں کوئی پیش رفت ہو سکے۔
وزیراعظم قطر سے پوچھا گیا کہ یحییٰ السنوار کے قتل کے بعد کیا آپ کی حماس رہنماؤں سے بات چیت ہوئی ہے تو انہوں نے کہا ہم ان سے رابطے میں ہیں، دوحہ میں ان کی سیاسی قیادت کے ساتھ ہمارے رابطے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا پچھلے دو دنوں میں بھی ہماری ان سے کئی ملاقاتیں ہوئی ہیں، میں اس بارے میں یہی کہوں گا کہ ابھی بہت سارے پہلوؤں میں چیزیں واضح نہیں ہیں۔