ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں دھماکہ، 5 افراد جاں بحق

Published On 23 October,2024 07:19 pm

انقرہ: (دنیا نیوز) ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں دھماکے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔

ترک وزارت داخلہ کے مطابق دھماکہ ایوی ایشن ہیڈکوارٹر کے باہر ہوا، دہشتگرد حملہ خاتون سمیت 3 مسلح افراد نے کیا، حملہ آوروں نے صنعتی یونٹ کے متعدد ملازمین کو یرغمال بنایا، ترک سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔ 

دوسری جانب ترکیہ کے وزیر داخلہ نے کہا کہ ترکش ایروسپیس انڈسٹریز (اے ٹی آئی) کے احاطے میں دہشتگرد حملہ ہوا ہے، مسلح حملہ آوروں نے دفاعی صنعتی یونٹ پر دھماکا خیز مواد پھینکا اور فائرنگ کی۔

ترکیہ کے سینٹر فار کمبیٹنگ ڈس انفارمیشن نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر زور دیا کہ عوام سرکاری ذرائع سے آنے والے خبریں دیکھیں اور بے بنیاد الزامات سے گریز کریں۔

انقرہ کے چیف پبلک پروسیکیوٹر آفس نے ایرواسپیش انڈسٹریز کو نشانہ بنانے کے لیے ہونے والے دہشت گردی کے حملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ انڈسٹریز ملک کی انتہائی اہم دفاعی اور ایوی ایشن کمپنیوں میں سے ایک ہے، یہاں ملک کا پہلا قومی لڑاکا طیارہ تیار کیا گیا تھا اور اس کے علاوہ دیگر منصوبے بھی شامل ہیں اور یہاں 10 ہزار سے زائد ملازمین کام کرتے ہیں۔