ماسکو: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے صدر نے روسی ہم منصب سے ملاقات کی، ملاقات میں تعلقات مستحکم کرنے کا عزم کا اعادہ کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات کے خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے خصوصی عشائیہ میں شرکت کی، ماسکو میں عشائیہ کے موقع پر شیخ محمد بن زاید النہیان اور صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران دوستانہ بات چیت کی گئی۔
صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے متحدہ عرب امارات اور روس کے تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے جاری عزم پر صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا اور ملک اور اس کی عوام کی مسلسل خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
روس کے صدر نے شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورے کا خیر مقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور انہیں سٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک لے جانے میں ان کی کوششوں کی تعریف کی۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اتوار کو روس کے سرکاری دورے پر ماسکو پہنچے تھے، ان کے ہمراہ وفد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، صدارتی عدالت برائے خصوصی امور کے نائب چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، صدارتی عدالت میں خصوصی امور کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن طہنون النہیان، سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے سیکرٹری جنرل علی بن حماد الشمسی، صنعت اور جدید ٹیکنالوجی کے وزیر ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابرو دیگر شامل ہیں۔