نیویارک: (ویب ڈیسک) مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں ایران اور اسرائیل کے درمیان باقاعدہ جنگ کا خطرہ موجود ہے اور امریکا اسرائیل کی حفاظت کیلئے کھل کر سامنے آ گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق دو ہفتے قبل ہونے والے ایرانی میزائل حملوں کے جواب میں اب اسرائیل حملے کی تیاری کر رہا ہے اور اس کے جواب میں مزید ایرانی حملوں کے دفاع کی بھی تیاری کا جائزہ لے رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے بھی کسی ممکنہ حملے کی صورت میں جوابی حملے کا پلان بنا رکھا ہے۔
اسی جوابی حملے سے اسرائیل کو بچانے اور اس کے دفاع کیلئے امریکا نے اسرائیل کو اینٹی میزائل ڈیفنس سسٹم دینے کا فیصلہ کیا ہے جو ٹرمینل ہائی ایلٹیٹیوڈ ایریا ڈیفنس (THAAD) کہلاتا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکا تھاڈ ایریا ڈیفنس سسٹم اسرائیل میں نصب کرے گا جو 150 سے 200 کلومیٹر کی رینج میں آنے والے میزائلوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، امریکی فوجی جدید میزائل ڈیفنس سسٹم کو اسرائیلی سرزمین پر آپریٹ کریں گے۔