واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ میں روسی سفارتخانے نے کملا ہیرس کے روسی صدر پیوٹن سے متعلق جارحانہ بیان کو توہین آمیز قرار دے دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی سفارتخانے کی طرف سے ٹیلی گرام کے ذریعے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم امریکی نائب صدر کے روسی صدر کے خلاف کئے گئے ناقابل قبول بیانات سے تشویش میں ہیں، انہیں یہ تسلیم کرنا چاہئے کہ غیر مہذب الفاظ کا استعمال موجودہ امریکی ریاستی عہدیداروں کی عادت بن چکی ہے۔
سفارتخانے نے جاری بیان میں مزید کہا کہ یہ صورت حال واشنگٹن کے حکمران حلقوں کی مایوسی اور نامرادی کی طرف اشارہ کرتی ہے کیونکہ امریکی حکمران روس کو سٹریٹجک شکست سے دوچار کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
روسی سفارت خانے کے مطابق امریکی حکام کو یہ تسلیم کرنا چاہئے کہ روس اپنے قومی مفادات پر مبنی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، یہ بیانات پورے روسی عوام کی توہین ہیں۔