ابوظہبی (ویب ڈیسک) یو اے ای کی کابینہ نے سپریم سپیس کونسل کی تشکیل کی منظوری دے دی۔
متحدہ عرب امارات کے خبر رساں ادارے کے مطابق نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی صدارت میں متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے سپریم سپیس کونسل کی تشکیل کی منظوری دی، یہ کونسل ایک مستقل ادارہ ہوگی جو براہ راست کابینہ کو رپورٹ کرے گی۔
کونسل کی صدارت دبئی کے ولی عہد، نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کریں گے۔
کونسل میں وزیر صنعت و جدید ٹیکنالوجی، وزیر اقتصادیات، یو اے ای سپیس ایجنسی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین جو کونسل کے رکن اور سیکرٹری جنرل بھی ہوں گے۔
وزیر مملکت برائے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور ریموٹ ورک ایپلی کیشنز، محمد بن راشد خلائی مرکز کے نائب صدر، فیصل بن عبدالعزیز البنای، صدر کے مشیر برائے سٹریٹجک ریسرچ اور جدید ٹیکنالوجی میجر جنرل ڈاکٹر مبارک بن غافان الجابری، وزارت دفاع میں معاون انڈر سیکرٹری برائے سپورٹ اور دفاعی صنعت شامل ہوں گے۔
منظور کردہ قراردادوں کے مطابق کونسل کی اہم ذمہ داریوں میں خلائی شعبے اور متعلقہ سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے عوامی پالیسیوں کی منظوری، خلائی شعبے کے لئے قومی ترجیحات کا تعین، ملک کی تکنیکی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے درکار ٹیکنالوجیز کی شناخت اور خلائی سرگرمیوں میں شامل سرکاری اور نجی اداروں دونوں کے لیے سرمایہ کاری اور حصول کی ترجیحات کا تعین شامل ہیں۔