بیروت: (ویب ڈیسک) حزب اللہ نے کہا کہ اسرائیل نے ہماری سرنگوں کی پرانی اور جھوٹی ویڈیوز جاری کی ہیں۔
حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے حزب اللہ کے گوداموں اور سرنگوں کے اندر سے شائع ہونے والی تمام تصاویر اور فلمیں جھوٹی ہیں، یہ کھلی نفسیاتی اور پراپیگنڈا جنگ کے فریم ورک کے تحت کیا جارہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ فلمیں اور تصاویر بہت پرانی ہیں اور ان کا سرحد پر موجودہ فوجی کارروائی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یہ بیان جنوبی لبنان پر محدود اسرائیلی زمینی حملے کے آغاز کے بارے میں متضاد خبروں کے درمیان آیا ہے کیونکہ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں درجنوں زمینی کارروائیاں کی ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے ایک دوسری ویڈیو بریفنگ میں اعلان کیا تھا کہ اسرائیلی فورسز نے ان کارروائیوں کے دوران حزب اللہ سے تعلق رکھنے والی سرنگوں اور ہتھیاروں کا پردہ فاش کیا ہے۔