اسرائیل غزہ میں بچوں کے حقوق اطفال کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں کا مرتکب قرار

Published On 20 September,2024 02:12 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ نے اسرائیل کو غزہ میں بچوں کے حقوق اطفال کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں کا مرتکب قرار دے دیا۔

اقوام متحدہ کی ایک کمیٹی نے اسرائیل پر حقوق تحفظِ اطفال کے ایک عالمی معاہدے کی شدید خلاف ورزیوں کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ غزہ میں اس کی فوجی کارروائیوں کا ان پر تباہ کن اثر ہوا ہے اور یہ حالیہ تاریخ کی بدترین خلاف ورزیوں میں سے ایک ہیں۔

کمیٹی کے وائس چیئرمین بریگی گڈبرینڈسن نے صحافیوں کو بتایا بچوں کی اشتعال انگیز موت تاریخی طور پر تقریباً منفرد ہے، یہ تاریخ کا ایک انتہائی تاریک مقام ہے، مجھے نہیں لگتا کہ ہم نے اتنی وسیع خلاف ورزیاں پہلے دیکھی ہوں جیسی ہم نے غزہ میں دیکھی ہیں یہ انتہائی سنگین خلاف ورزیاں ہیں جو اکثر دیکھنے میں نہیں آتیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی چار رکنی کمیٹی ممالک کی 1989ء کے حقوق اطفال کنونشن کی تعمیل پر نظر رکھتی ہے، یہ ایک وسیع پیمانے پر اختیار کردہ معاہدہ ہے جو 18 سال سے کم عمر افراد کو تشدد اور دیگر زیادتیوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔