نیویارک : (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کاکہنا ہے کہ جنگ اور فنڈنگ کی کمی نے اقوام متحدہ کے اہم ترقیاتی اہداف کی پیشرفت میں خلل ڈالا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سیکرٹری جنرل نے نیویارک میں بریفنگ کے دوران اہداف پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امن قائم کرنے، ماحولیاتی تغیرات کا مقابلہ کرنے اور مالی مدد کو فروغ دینے میں ہماری ناکامی ترقی کو نقصان پہنچا رہی ہے ۔
ان کاکہنا تھا کہ 2015 میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک نے پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کا عہد کیا اور 2030 تک دنیا کو تبدیل کرنے کے 17 اہداف کو حاصل کرنا تھا جن میں انتہائی غربت، افلاس اور بھوک کا مکمل خاتمہ شامل ہے، تاہم دنیا کو اس میں ناکامی کا سامنا ہے۔
انتونیوگوتریس نے کہا کہ ہمیں پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے عملدرآمد کو تیز کرنا چاہیے، ہمارے پاس وقت ضائع کرنے کے لیے ایک لمحہ بھی نہیں ہے، صرف 17 فیصد اہداف میں ہی پیشرفت ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ممالک بہت سے شعبوں میں ترقی میں پیچھے رہ گئے ہیں تاہم نئے ایچ آئی وی انفیکشنز میں کمی، انٹرنیٹ تک رسائی، اور قابل تجدید ذرائع کا بڑھتا ہوا استعمال حوصلہ افزاہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ بہت سے لوگوں کے لیے بنیادی ضروریات سے انکار ناقابل قبول اور ناقابل معافی ہے، عالمی سطح پر بڑے تنازعات کو حل کرنے اور امن قائم کرنے کے اقدامات سمیت پائیدار اور ماحول دوست معاشرے اور معیشت کیلئے کاوشوں کی ضرورت ہے۔