روس کے نان سٹریٹیجک نیوکلیئر ہتھیار تیار، عملی مشقوں کا آغاز

Published On 22 May,2024 10:01 am

ماسکو : (ویب ڈیسک ) روس نے نان سٹریٹیجک نیوکلیئر ہتھیار تیار کرلیے اور اسے استعمال کرنے کی عملی مشقیں بھی شروع کردی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یہ مشقوں کا پہلا مرحلہ ہے جو سدرن ملٹری ڈسٹرکٹ میں کیا جارہا ہے، مشقوں کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی ہے۔

روس کے فوجی محکمہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نان سٹریٹیجک نیوکلیئر ہتھیار تیار اور استعمال کرنے کی یہ عملی مشقیں روسی فیڈریشن کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر انچیف کے احکامات پر کی جارہی ہیں۔

اس پہلے مرحلے میں نان اسٹریٹیجک نیوکلیئر ہتھیار تیار اور انہیں استعمال کرنے کی عملی جانچ کی جارہی ہے اور ان مشقوں کی قیادت مسلح افواج کے جنرل سٹاف کررہے ہیں۔

روسی میڈیا کے مطابق سدرن ملٹری ڈسٹرکٹ سے تعلق رکھنے والے میزائل فارمیشنز کے اہلکار جنگ میں سکندر ٹیکٹیکل میزائل نظام کے لیے خصوصی اسلحہ حاصل کرنے، لانچ وہیکلز کو ان سے مسلح کرنے اور پھر انہیں خفیہ انداز سے ایسے مقامات تک پہنچانے کی پریکٹس کررہے ہیں جہاں سے میزائل لانچ کیے جانے ہوں۔

ایئرو سپیس فورسز ایوی ایشن کے یونٹ سے تعلق رکھنے والے فوجی فضا سے مار کرنیوالے ہتھیار کی تنصیب کی مشق کر رہےہیں۔

ان ہتھیاروں میں خنزلKinzhal ایئروبیلسٹک ہائپر سونک میزائل بھی شامل ہیں، مگ 31 فائٹر طیارے ان مشقوں میں شریک ہیں۔

روسی حکام کے مطابق یہ اقدام مغربی حکام کی جانب سے روس کے خلاف اشتعال انگیز بیانات کے تناظر میں اپنی ملکی سلامتی اور علاقائی استحکام کی خاطر کیا جارہا ہے۔

حکام نے ان مشقوں کو نیٹو کی جانب سے روس میں عدم استحکام کی کوششوں کا جواب قرار دیا ہے۔