واشنگٹن: (دنیا نیوز) اسرائیل پر حملے کے ردعمل میں امریکا نے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان پر سفری پابندیاں عائد کر دیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے وزیر خارجہ کے علاوہ دیگر ایرانی شخصیات پر بھی سفری پابندیاں عائد کی ہیں، پابندیوں کے بعد حسین امیر عبد اللہیان اور ان کے وفد میں شامل افراد اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز سے ایرانی مشن تک سفر کر سکیں گے۔
امریکا کی جانب سے عائد کی گئی نئی پابندیوں کے تحت ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے وفد کو جان ایف کینیڈی ایئر پورٹ تک سفر کرنے کی اجازت بھی ہوگی، مذکورہ مقامات کے علاوہ ایرانی وفد کسی بھی جگہ پر نہیں جا سکے گا۔
ایران کے وزیر خارجہ پر پابندیوں کے حوالے گفتگو کرتے ہوئے امریکی دفتر خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ ایران کے عدم استحکام اور خراب رویے کو دیکھ رہے ہیں اور ہم کشیدگی کو کم کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔