لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان حماس ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی بےحرمتی ہوئی تو دوبارہ اسرائیل کے خلاف طوفان لائیں گے۔
دنیا نیوز کے پروگرام "نقطہ نظر" میں گفتگو کرتے ہوئے حماس کے ترجمان خالد قدومی نے کہا کہ کراسنگ بارڈر کو کھولنا بہت ضروری ہے، اسرائیل کو اب تک 76 بلین ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے، حماس کی طرف سے مزاحمت کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان حماس نے کہا کہ ایک طرف جنگ بندی کی باتیں، دوسری طرف اسرائیلی درندے مسجد اقصیٰ کی بےحرمتی کی باتیں کر رہے ہیں، امریکا کہتا کچھ اور کرتا کچھ اور ہے، ایک طرف جنگ بندی دوسری طرف منافقت کی باتیں کی جا رہی ہیں۔
ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا کہ رفاہ کراسنگ کو کھولنا بہت ضروری ہے، غزہ میں بجلی، آٹا نہیں ہے، غزہ میں معصوم بچے چارہ کھانے پر مجبور ہیں، دو، تین ماہ کی بات ہے، ہمیں غزہ کے عوام کا حوصلہ نہیں ٹوٹنے دینا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن بھوک کے ہتھیار کو آخری حربے کے طور پر استعمال کر رہا ہے، غزہ کے لوگوں کو کیش کی بہت اشد ضرورت ہے، 10 ڈالر کے قریب ایک خاندان کا پورے دن کا خرچہ ہے، پاکستان کو چاہئےغزہ کے بھائیوں کو کیش بھی پہنچائے۔