بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان کے جنوبی شہر طائر کے فلسطینی پناہ گزین کیمپ کے نزدیک اسرائیلی فوج نے ایک کار کو ڈرون حملے میں تباہ کردیا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ کار پر ڈرون حملے میں جاں بحق ہونے والا نوجوان ہادی مصطفیٰ ان کا کارکن تھا جب کہ ایک اور کارکن بھی جاں بحق ہوگیا اور دیگر 2 زخمی ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سڑک پر دوڑتی کار پر فضا سے کوئی چیز گری اور دھماکا ہوا، دھماکے کے بعد کار میں آگ بھڑک اُٹھی، کار کے مکمل جلنے تک ڈرون اس کے اوپر ہی منڈلاتا رہا۔
حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل لبنان میں ہمارے رہنماؤں اور کارکنان کو نشانہ بنا رہا ہے یہ ڈرون بھی اسرائیلی فوج نے بھیجا تھا تاہم اسرائیلی فوج نے اس حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی۔