کیپ ٹاؤن : (ویب ڈیسک ) جنوبی افریقہ نے اسرائیلی فوج کو مدد دینے والی دنیا بھر کی مملکتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کو فنڈنگ کرنا بند کر دیں۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ مطالبہ جنوبی افریقہ کے وزیر خارجہ نیلیڈی پانڈور نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی سے متعلق بین الاقوامی عدالت انصاف کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں گزشتہ روز کیا ہے۔
بین الاقوامی عدالت انصاف نے پچھلے ہفتے جنوبی افریقہ ہی کے ایک دائر کردہ مقدمے میں فیصلہ دیا تھا۔
عدالت انصاف نے اسرائیل کو یہ حکم دیا ہے کہ وہ اپنے فوجیوں کو غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کے ارتکاب سے روکنے کے لیے اپنی طاقت (حکومتی اختیار) کے مطابق اقدامات کرے البتہ اسرائیل نسل کشی کے اقدامات کی تردید کرتا ہے۔
بین الاقوامی عدالت انصاف نے اس سلسلے میں اسرائیل سے ایک ماہ کے اندر ایک رپورٹ بھی طلب کی ہے تاکہ عدالت دیکھ سکے کہ اس دوران اسرائیل نے فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :اسرائیل غزہ میں نسل کشی بند کرے: عالمی عدالت انصاف کا حکم
تاہم اس فیصلے کے بعد زمین پر کوئی تبدیلی ابھی دیکھنے کا انتظار ہے، البتہ اسی دوران امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے اسرائیل کی فوج کو اسلحے کی فراہمی روکنے کی کسی تجویز کی تردید کی ہے۔
جنوبی افریقہ جس نے اسرائیلی فوج کی امداد روکنے اور دنیا کے ملکوں کو اسرائیل کی سہولت کاری کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے وہ شروع سے ہی فلسطین پر اسرائیلی قبضے اور اسرائیل کے نسل پرستانہ حربوں کے خلاف مؤقف رکھتا ہے۔
دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ہیں ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 150 فلسطینی اسرائیلی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 26 ہزار 900 تک پہنچ گئی جبکہ 65ہزار 949 سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔