غزہ : (ویب ڈیسک ) صیہونی فوج کی غزہ میں خونریز کارروائیاں جاری ہیں ، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 150 فلسطینی شہید اور313 زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قابض فوج کی مغربی کنارے میں بھی جارحیت رک نہ سکی، اسرائیلی فوج کی دیر البلاح، شجائیہ ،النصر ہسپتال اور بیت لاہیہ کے اطراف میں بمباری اسرائیلی فوجیوں نے خان یونس میں العمل ہسپتال پر بھی دھاوا بول دیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 150 فلسطینی اسرائیلی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں، جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 26 ہزار 900 تک پہنچ گئی جبکہ 65ہزار 949 سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔
دوسری جانب امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق حماس اور اسرائیل جنگ بندی کے ایک مسودے پر غور کر رہے ہیں، جنگ بندی کے مسودے میں لڑائی میں 6 ہفتےکا وقفہ شامل ہوسکتا ہے۔
واضح رہےکہ 2 روز قبل پیرس میں مذاکرات کاروں نےجنگ بندی کی شرائط پر بات کی ہے اور اس حوالے سے قطری وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسی جگہ پہنچ گئے ہیں جو مستقبل میں مستقل جنگ بندی کا باعث بن سکتی ہے۔