واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں شدید سردی کی وجہ سے ایک ہفتے کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 43 ہو گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی 9 ریاستیں شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، نیو یارک کے جنوب میں 30 انچ سے زیادہ برف پڑ چکی، انتظامیہ نے شہریوں کو بلا ضرورت باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی محکمہ صحت کے مطابق سردی کی وجہ سے سب سے زیادہ 14 ہلاکتیں ریاست ٹینیسی میں ہوئیں جبکہ پنسلوانیا میں پھسلن کے باعث ٹریفک حادثے میں 5 افراد مارے گئے ہیں۔
ریاست اوریگون میں برفباری اور سرد ہواؤں سے 85 ہزار افراد گھروں میں محصور ہو گئے جبکہ کاروباری سرگرمیاں معطل، سپلائی کا نظام متاثر ہونے پر 50 ہزار گھر بجلی سے محروم ہو گئے۔