غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی بند ہونی چاہیے: امریکی وزیر خارجہ قطر پہنچ گئے

Published On 08 January,2024 02:37 am

دوحہ: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن دورہ پر قطر پہنچ گئے جہاں انہوں نے قطری وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمان بن جاسم سے ملاقات کی جس میں فلسطین کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی وزیر خارجہ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے قطری وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمان بن جاسم نے کہا ہے کہ انٹونی بلنکن سے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے گفتگو ہوئی، غزہ کی صورتحال انسانیت کا کڑا امتحان ہے، دنیا نے غزہ کے شہریوں کی تکالیف پر بے حسی کا مظاہرہ کیا، قطر ثالثی کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ مشرق وسطیٰ : امریکی وزیر خارجہ کی ترک صدر سے ملاقات

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ فلسطینیوں کو جنوب کی جانب دھکیلنے کی مذمت کرتے ہیں، غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی بند ہونی چاہیے، امریکا نہیں چاہتا کہ معصوم اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا جائے، امریکا چاہتا ہے کہ غزہ کے لوگوں تک امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔