امریکی صدرجو بائیڈن نے ٹرمپ کوجمہوریت کیلئے خطرہ قراردے دیا

Published On 06 January,2024 09:19 am

نیویارک : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) امریکی ڈیمو کریٹک صدر جو بائیڈن کے اپنے ریپبلکن حریف اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زبانی وار، بائیڈن نے ٹرمپ کو نازیوں سے تشبیہ دیتے ہوئے جمہوریت کیلئے خطرہ قرار دیدیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے سابق صدر ٹرمپ پر نازی جرمنی جیسی زبان استعمال کرنے کا الزام لگا دیا۔ 

بائیڈن نے ٹرمپ کو نازیوں سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ خود کو اقتدار میں لانے کے لیے امر یکی جمہوریت کو قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔

پنسلوینیا سے 2024 کی صدارتی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے بائیڈن نے کہا کہ ٹرمپ اور ان کے حامی 2024 انتخابات میں بھی سیاسی تشدد چاہتے ہیں۔

بائیڈن ملک میں خوف کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں: ٹرمپ

ادھر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جوبائیڈن جمہوریت کو خطرہ کی بات کہہ کر ملک میں خوف کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے سرفہرست خواہش مند نے یہ بات آئیوا میں ریلی سے خطاب میں کہی ، ان کا کہنا تھا کہ بائیڈن کی حالت قابل رحم ہے، ان کا ریکارڈ ہے کہ وہ خامیوں سے بھرے، نااہل، کرپٹ اور ناکام شخص ہیں۔

سابق صدر نے کہا کہ بائیڈن پنسلوینیا میں اپنی انتخابی مہم میں خوف پھیلا رہے تھے۔