نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں غزہ میں امداد منتقل کرنے سے متعلق قرارداد پر ووٹنگ دوسری بار ملتوی کر دی گئی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے تیسری بار ویٹو ایکشن سے بچنے کیلئے دوسری بار ووٹنگ ملتوی ہوئی، امریکا کی جانب سے قرارداد میں سیز فائرکا لفظ حذف کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، مطالبہ پورا ہونے کے بعد قرارداد پر ووٹنگ آج یا کل ہونے کا امکان ہے۔
گزشتہ روز بھی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے قرارداد پر ووٹنگ ملتوی کر دی گئی تھی، ووٹنگ ملتوی کرنے کی وجہ قرارداد کے مسودے پر اتفاق کے امکانات کو بڑھانا بتایا گیا تاکہ ارکان کو مزید غور اور بحث کا موقع مل سکے۔
متحدہ عرب امارات کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ غزہ میں دشمنی کا جلد خاتمہ کیا جائے، امارات کی طرف سے قرارداد پر ووٹنگ پیر کو کرانے کی درخواست کی گئی تھی مگر اسے ایک دن تک موخر کر دیا تاہم آج بھی ووٹنگ کے عمل کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔
قرارداد میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیل اور حماس امدادی اداروں کو غزہ کے اندر تک امدادی اشیاء پہنچانے کی اجازت دیں، یہ اجازت زمینی راستوں کے علاوہ بحری اور فضائی راستوں سے بھی دی جائے، امدادی آپریشن کیلئے اقوام متحدہ کی انسانی بنیادوں پر مانیٹرنگ کا بھی اہتمام کیا جائے۔