اسرائیل کا غزہ میں القسام بریگیڈز کے نصف رہنماؤں کو مارنے کا دعویٰ

Published On 07 December,2023 07:42 pm

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی حکومت کے ترجمان ایلون لیوی نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں فوجی آپریشن کے آغاز سے لے کر اب تک کی پٹی میں حماس کی القسام بریگیڈز کے کم از کم نصف رہنماؤں کو مار ڈالا ہے۔

ایلون لیوی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ آئی ڈی ایف نے اب تک حماس کی بریگیڈز کے نصف رہنماؤں کو مار دیا ہے، اسرائیلی افواج بڑی فضائی مدد کے ساتھ غزہ کی پٹی کے اندر پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں، اس مہم میں حماس کی عسکری صلاحیتوں میں پہلے ہی نمایاں کمی آگئی ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج غزہ میں حماس کو ختم کرنے کے لیے اپنی کارروائیوں کو بڑھا رہی ہے، ہم یرغمالیوں کو گھر واپس لانے کے اپنے مشن سے دستبردار نہیں ہوئے۔

اسرائیلی وزیر دفاع گیلانٹ نے کہا ہے کہ حماس غزہ کی پٹی پر کنٹرول کھو رہی ہے اور اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، یہ اسرائیلی فوج کے جنگجوؤں کی فیصلہ کن اور مضبوط کارروائیوں سے حاصل ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ: اسرائیلی فضائیہ کے رفاہ میں پناہ گاہ پر حملے، مزید 33 فلسطینی شہید

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک نے کہا کہ غزہ میں وحشیانہ جرائم کے ارتکاب کا بڑا خطرہ ہے، انہوں نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے باز رہیں۔

وولکر ترک نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا میرے انسانی حقوق کے ساتھی اس صورتحال کو تباہ کن قرار دے رہے ہیں، ان حالات میں مظالم کا بڑا خطرہ موجود ہے، فریقین اور تمام ملکوں خاص طور پر اثر و رسوخ رکھنے والے ملکوں کو ایسے جرائم کو ہونے سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔