غزہ (دنیا نیوز) الشفا ہسپتال میں بچائے گئے 31 نومولود بچوں میں سے 28 کو علاج کے لیے مصر منتقل کر دیا گیا ہے۔
فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کے مطابق 28 نومولود بچوں کو الشفا ہسپتال سے مصر منتقل کیا گیا ہے، نومولودوں کو ایمبولینس کے ذریعے موبائل انکوبیٹرز میں مصر پہنچایا گیا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ ہفتے الشفا ہسپتال پر وحشیانہ کارروائی کرتے ہوئے طبی عملے، بے گھر افراد اور مریضوں کو نکال دیا تھا۔
ہسپتال میں موجود 31 نومولود بچوں کو پہلے جنوبی غزہ کے ایک ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا، پہلے کہا جا رہا تھا کہ 31 نومولود بچوں کو مصر منتقل کیا جا رہا ہے مگر پھر بتایا گیا کہ 28 بچے وہاں پہنچے ہیں، یہ ابھی واضح نہیں کہ 3 بچوں کو مصر کیوں نہیں بھیجا گیا۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 13 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔