بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے اہم میڈیا ادارے کی ویب سائٹ بلاک کر دی

Published On 22 August,2023 09:40 am

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت حکام نے مقبوضہ کشمیر کے ایک اہم میڈیا ادارے کی ویب سائٹ بلاک اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بند کر دیے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بلاک کی گئی ویب سائٹ کے بانی ایڈیٹر فہد شاہ کو گزشتہ سال انسداد دہشتگردی قانون کے تحت گرفتار کیا گیا تھا، فہد شاہ دہشتگردی کو ابھارنے اور فیک نیوز پھیلانے کے الزام میں تاحال جموں کے کوٹ بھلوال جیل میں قید ہیں۔

ویب سائٹ کے ایک معاون سجاد گل کو بھارتی حکام نے جنوری میں گرفتار کیا جو کہ تاحال بھارتی ریاست اتر پردیش کی جیل میں قید ہیں، کشمیری ویب سائٹ کی بندش پر بھارتی حکومت کی جانب سے ابھی کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔

سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی نے ویب سائٹ کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سچ بولنے کی ہمت کرنے والے ایک اور نیوز پورٹل کو خاموش کروا دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ بھارتی نیوز اداروں کی نمائندہ تنظیم ڈجی پب نیوز انڈیا فاؤنڈیشن نے بھی ویب سائٹ کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیشگی نوٹس کے بغیر ویب سائٹ کی بندش مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں کو ڈرانے کا عمل ہے۔