چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا : شی جن پنگ

Published On 01 August,2023 06:24 am

بیجنگ : ( دنیا نیوز ) چین کے صدر شی جن پنگ نے پاکستان کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی منظر نامے کی تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑتا، چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔

چینی صدر شی جن پنگ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) کے آغاز کی دسویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب کے نام تہنیتی پیغام بھیجا جس میں ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں سی پیک کے افتتاح سے لے کر اب تک دونوں ملک مشترکہ تعمیر اور شیئرنگ کے اصولوں کے مطابق سی پیک منصوبوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کی بدولت پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی کو نئی قوت ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک چین اور پاکستان کے درمیان چار موسموں کی دوستی کا جیتا جاگتا ثبوت بن گیا ہے، یہ راہداری دونوں ممالک کے درمیان نئے دور میں قریب تر چین پاک ہم نصیب معاشرہ تشکیل دینے میں اہم حمایت بھی فراہم کر چکی ہے۔

اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کا ایک اہم  منصوبہ ہے، چینی صدر نے کہا کہ چین سی پیک کو اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے ایک مثالی منصوبے میں مزید تعمیر کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان آہنی پوش دوستی کو آگے بڑھانے، ترقی اور سلامتی کو مربوط کرنے، اعلیٰ معیارات، وسیع تر دائرہ کار اور زیادہ گہرائی کے تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے اور یکجہتی کے لیے آگے بڑھیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) کے 10 سال مکمل ہونے پر کنونشن سینٹر اسلام آباد میں تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چین کے نائب وزیراعظم ہی لیفنگ نے شرکت کی۔

بعدازاں پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط بھی ہوئے ۔