ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سوئیڈن کے ہم منصب ٹوبیاس بلسٹروم سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شہزادہ فیصل نے قرآن کی توہین کی تمام کوششوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے سوئیڈن سے مطالبہ کیا کہ وہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے ایسے انتہا پسندانہ اقدامات کے خلاف فوری اقدامات کرے۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ قرآن کی بے حرمتی کے واقعات اور اسلام کے خلاف دیگر خلاف ورزیاں، نفرت کو ہوا دینے اور لوگوں اور ثقافتوں کے درمیان مکالمے کی کوششوں کو محدود کرنے میں معاون ہیں۔
اس کے جواب میں سوئیڈن کے وزیر خارجہ ٹوبیاس بلسٹروم نے دورانِ گفتگو قرآن پاک کی بےحرمتی کے واقعات کی مذمت کی اور ایسے اقدامات کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔
بلسٹروم اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کس طرح ان کے ملک میں کچھ لوگ سوئیڈن کے آئین کی طرف سے دی گئی آزادی اظہار کے حق کا استحصال کر رہے ہیں۔
سوئیڈن کے وزیر خارجہ نے شہزادہ فیصل کو یقین دلایا کہ ان کا ملک تمام عقائد اور مذہبی جنون کے خلاف ہر قسم کی جارحانہ کارروائیوں کو روکنا چاہتا ہے۔