برطانوی میڈیا کا لاپتہ آبدوز ' ٹائنٹن' کا ملبہ ملنے کا دعویٰ

Published On 22 June,2023 11:05 pm

لندن: (ویب ڈیسک) چند روز قبل بحر اوقیانوس میں لاپتہ ہونے والی آبدوز ٹائٹن کی تلاش کا کام جاری ہے اور آبدوز کی تلاش کے دوران ٹائی ٹینک کے قریب زیر سمندر سے کچھ ملبہ ملا ہے۔

اس حوالے سے برطانوی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ملنے والا ملبہ آبدوز ٹائنٹن کا ہی ہےم میڈیا رپورٹ کے مطابق جو ملبہ دریافت ہوا ہے وہ لاپتہ آبدوز ٹائٹن کا لینڈنگ فریم ہے۔

ریسکیو ماہر ڈیوڈ مارنز کا برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صدر ایکسپلوررز کلب کا دعویٰ ہےکہ یہ ملبہ لینڈنگ فریم اور آبدوز کا پچھلا کور ہے، صدر ایکسپلوررز کلب سائٹ پر موجود بحری جہازوں سے براہ راست معلومات لیتے ہیں۔

ڈیوڈ مارنر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹائٹن غیر روایتی آبدوز ہے جس کا پچھلاکور نوک دار ہوتا ہے، اس آبدوز کا پچھلا نوک دار کور لینڈنگ فریم پر ٹکا ہوتا ہے، آبدوزکے دو اہم حصے ملے ہیں تاہم وہ خول نہیں ملا جس میں مسافر ہیں، یہ باتیں تصدیق کرتی ہیں کہ ملبہ آبدوز کا ہے جس کے ساتھ کچھ برا ہوا ہے۔

دوسری جانب امریکی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ بحر اوقیانوس میں سیاحوں کی لاپتہ آبدوز ٹائٹن کی تلاش میں ملبہ دریافت ہوا ہے، ٹائی ٹینک کے ملبے کے قریب علاقے میں ملبہ ملا ہے۔

امریکی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ ماہرین روبوٹ سے ملبے والی معلومات کا جائزہ لے رہے ہیں، امریکی کوسٹ گارڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ کچھ دیر میں اس حوالے سے پریس کانفرنس کرے گا۔