جدہ : (ویب ڈیسک ) سوڈان کے متحارب فوجی فریقین کے درمیان سعودی شہر جدہ میں مذاکرات جاری ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق سوڈان میں اتحاد برائے آزادی و تبدیلی کے ترجمان شریف محمد عثمان نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سوڈان میں تنازع کے دونوں فریقین کے درمیان آج (ہفتہ ) ایک نئے جنگ بندی معاہدے کا اعلان کیا جائے گا۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعہ کو جدہ میں ہونے والے عرب سربراہی اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ہم اپیل کرتے ہیں کہ سوڈان کے تمام فریق مذاکرات سے مسئلہ کو حل کریں۔
سعودی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں ، سوڈانی بحران کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں لیکن کسی معاہدے تک پہنچنے کے بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہے۔
سوڈان میں فوجی فریقین کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ جدہ میں سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے نمائندوں کے درمیان بالواسطہ بات چیت ہو رہی ہے، سعودی عرب اور امریکہ کی سرپرستی میں جنگ بندی، جنگ بندی میں توسیع اور سوڈان میں انسانی ہمدردی کی راہداری کھولنے پر بات چیت ہو رہی ہے۔