ریاض : (ویب ڈیسک ) سفارتی تعلقات بحال ہونے پر سعودی عرب نے ایران میں اپنا نیا سفیر مقرر کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا ہے کہ ایران بھی جلد سعودی عرب میں اپنا نیا سفیر تعینات کرے گا۔
دوسری جانب ایران کے وزیر خزانہ احسان خاندوزی کی قیادت میں وفد جدہ پہنچ گیا ہے۔
چین کی ثالثی میں سفارتی تعلقات کی بحالی میں اتفاق کے بعد یہ کسی ایرانی عہدیدار کا سعودی عرب کا پہلا دورہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں :سفارتی بحالی کا مشن ، سعودی عرب میں ایرانی سفارتخانہ 7سال بعد دوبارہ کھل گیا
سعودی میڈیا کے مطابق وفد سعودی حکام کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کرے گا اور اسلامی ترقیاتی بینک کے اجلاسوں میں شرکت کرے گا۔
سعودی عرب اور ایران نے مارچ میں چین کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے کے تحت سفارتی تعلقات بحال کرنے پراتفاق کیا تھا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2016ء میں تہران میں اپنے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پرحکومت کے حامی مظاہرین کے حملے کے بعدایران کے ساتھ تعلقات منقطع کردیے تھے۔