نیویارک : (ویب ڈیسک ) امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم نے گزشتہ روز جدہ میں ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد سعودی عرب کی بادشاہت کی تعریف کی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق جنوبی کیرولائنا سے تعلق رکھنے والےامریکی سینیٹر لنڈسے گراہم نے اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ سعودی ولی عہد اور ان کی اعلیٰ قیادت کی ٹیم کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز اور واضح ملاقات تھی ۔
انہوں نے کہا کہ یہ امریکہ سعودی تعلقات کو مضبوط کرنے کا حقیقی موقع ہے اور سعودی عرب میں جاری اصلاحات بھی اتنی ہی حقیقی ہیں۔
امریکی سینیٹر نے مزید کہا کہ میں امریکی انتظامیہ اور کانگریس میں ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ کیا ہم امریکہ اور سعودی عرب کے تعلقات کو گہری سطح پر لے جا سکتے ہیں، یہ تعلقات دونوں ملکوں کے لیے زبردست اقتصادی فائدے لیے ہوئے ہیں اور اس وقت استحکام کے لیے بھی بہت ضروری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے سعودی عرب کی نئی ایئر لائن کے لیے جنوبی کیرولائنا میں بنائے گئے بوئنگ 787 طیاروں کی 37 ارب ڈالر مالیت کی خریداری کے لیے بھی سعودی عرب کو سراہا ہے ۔
خیال رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو جدہ میں جنوبی کیرولائنا سے امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم سے ملاقات کی تھی، ملاقات کے دوران انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات اور مشترکہ تشویش کے متعدد امور کا جائزہ لیا تھا۔