تہران : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے دونوں ممالک کی جانب سے پیش رفت کا سلسلہ جاری ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے تکنیکی وفد تہران بھیجے جانے کے بعد اب ایران نے بھی اپنا وفد سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، وفد کے 14 اپریل تک سعودی عرب جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے وفد سعودی عرب بھیجنے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کی راہ مزید ہموار کرنا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ایران کے ڈپٹی وزیر خارجہ نے سرکاری ٹی وی پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم وزارت خارجہ کا ایک وفد جمعہ تک سعودی عرب بھیجنے پر غور کررہے ہیں، اس سلسلے میں دو الگ الگ وفود جدہ اور ریاض جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں :سفارتی بحالی کا مشن ، سعودی وفد تہران پہنچ گیا
دوسری جانب ایرانی صدر نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی جانب سے دورہ سعودیہ کی دعوت بھی قبول کرلی ہے۔
قبل ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہ نے بیجنگ میں ہونے والی ملاقات خلیجی خطے میں “سلامتی اور استحکام” لانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب اور ایران نےگزشتہ ماہ چین کی ثالثی میں 2016کے بعد سفارتی کشیدگی ختم کرنے اور سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔