مالی نے فرانس کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا

Published On 01 February,2022 12:41 pm

بماکو: (ویب ڈیسک) مالی حکومت نے فرانسیسی وزیر خارجہ کی جانب سے سفارتی آداب کے منافی بیان پر اس کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

رپورٹ کے مطابق فرانسیسی وزیر خارجہ جین یوو لے ڈریان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بیان میں مالی کی عبوری حکومت کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ مالی کی حکومت نے اس بیان کو اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت تصور کرتے ہوئے فرانسیسی سفیر کو 72 گھنٹوں میں مالی سرزمین چھوڑنے کا حکم سنایا تھا۔

 فرانس کے وزیر دفاع فلورنس پارلی نے مالی حکومت کے اقدام کے بعد وہاں موجود اپنی افواج کی تعداد میں کمی کی دھمکی دیدی، فرانس نے مالی میں بد امنی پر قابو پانے کیلئے فوج بھجوائی تھی۔ واضح رہے کہ سال 2020 میں مالی کے فوجی جنرلز نے اقتدار پر کنٹرول حاصل کرکے عبوری حکومت قائم کی تھی۔