کیف: (دنیا نیوز) یوکرین کے محاذ پر کشیدگی برقرار ہے، روس، امریکا اور نیٹو اتحادیوں نے عسکری سرگرمیاں تیز کردیں۔
یوکرین کے محاذ پر کشیدگی کے سبب روس اور نیٹو نے عسکری سرگرمیاں مزید تیز کردیں، مشترکہ جنگی مشقوں کیلئے روس نے مزید فوجی بیلاروس پہنچا دئیے۔ ٹرین کے ذریعہ جدید فضائی دفاعی نظام بھی منتقل کردیا جس پر نیٹو نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سویڈن کی بری اور فضائی افواج نے بالٹک سمندر میں جنگی مشقیں شروع کر دیں، لڑاکا طیاروں، ٹینک اور گرنیڈ لانچرز کا بھرپور استعمال کیا گیا، یوکرین میں بھی جنگی مشقیں جاری ہیں، برطانوی ماہرین نے انٹی ٹینک میزائل چلانے کی تربیت دی، حال ہی میں انگلینڈ نے دوہزار شارٹ رینج میزائل کیف بھیجے ہیں۔
سفارتکاروں کے انخلا پر یوکرین کے صدر نےا مریکا کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ واشنگٹن جنگ کے خدشے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرکے غلطی کررہا ہے، امریکی اقدام سے ایسا لگتا ہے ہے گویا کیف کی سڑکوں پر ٹینک گردش کررہے ہیں۔
امریکی وزیر فاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ روس یوکرین پر حملے کی صلاحیت رکھتا ہے، پینٹاگون نے جلد مزید فوجی مشرقی یورپ میں تعینات کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔