یوکرائن کے مسئلے پر روس اور امریکا کی ایک اور بیٹھک بے نتیجہ ختم

Published On 10 January,2022 10:42 pm

جنیوا:(دنیا نیوز)یوکرائن کے مسئلے پر روس اور امریکا کی ایک اور بیٹھک بے نتیجہ ختم ہوگئی۔

جنیوا میں روسی وزیر خارجہ نے امریکی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی تاہم دونوں رہنما کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکے ۔

روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف اپنے وفد کے ہمراہ جنیوا میں قائم امریکی سفارتی مشن کے دفتر پہنچے ، جہاں انکی امریکی نائب وزیر خارجہ کے ساتھ مذاکرات کا آغاز ہوا، نیٹو کے سربراہ نے اپنے حالیہ بیان میں روس کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ یوکرائن پر حملے کی سنگین قیمت چکانی پڑے گی۔

روسی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا نے یوکرین کو نیٹو کی ممبرشپ نہ دینے کی ضمانت نہیں دی ، روس کو مضبوط ضمانت چاہیے کہ یوکرائن کو کبھی نیٹو کا حصہ نہیں بنایا جائے گا جبکہ روس یوکرائن پر حملے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے کہا کہ روس نے یوکرائن میں کشیدگی کم کرنے سے متعلق سوال کا کوئی جواب نہیں دیا، روس پر واضح کردیا کہ عدم کشیدگی کے بغیر نتیجہ خیز مذاکرات ناممکن ہیں۔