دبئی: (ویب ڈیسک) متحد عرب امارات (یو اے ای) میں آئندہ سال ہونے والے رمضان المبارک اور عید الفطر کی ممکنہ تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق ماہرین فلکیات کی طرف سے پیشگوئی کی گئی ہے کہ آئندہ سال رمضان المبارک اپریل کے مہینے میں آئے گا، تاہم ممکنہ تاریخ کا اعلان چاند دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔
عرب فیڈریشن اور ماہرین فلکیات کے ممبر ابراہیم الجروان نے بتایا کہ ممکنہ طور پر رمضان المبارک 2 اپریل کو شروع ہو گا اور قوی امکان ہے کہ عید الفطر 2 مئی 2022ء کو منائی جائے گی۔ اور عید الفطر کی چھٹیاں 29 رمضان سے 3 شوال تک ہو سکتی ہیں۔
اسی طرح ابراہیم الجروان نے عید الاضحیٰ کے بارے میں بتایا کہ ممکنہ طور پر 19 جولائی بروز پیر کو یوم عرفہ جبکہ 20 جولائی کو عید الاضحیٰ کا پہلا روز ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ عید الفطر اہم مذہبی تہوار ہے جسے دنیا میں بسنے والے مسلمان رمضان کا مہینہ ختم ہونے پر مناتے ہیں۔ مسلمان رمضان کے 29 یا 30 روزے رکھنے کے بعد یکم شوال کو عید مناتے ہیں۔ کسی بھی قمری ہجری مہینے کا آغاز چاند نظر آجانے کے فیصلے سے ہوتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں عید مختلف دنوں میں منائی جاتی ہے۔ اس کے برعکس کچھ ممالک ایسے ہیں جو سعودی عرب کی پیروی کرتے ہیں۔ عید کے دن نماز عید پڑھی جاتی ہے، جسے جامع مسجد یا کسی کھلے میدان یعنی عیدگاہ میں ادا کیا جاتا ہے۔
مسلمان کا عقیدہ ہے کہ اسلام میں انہیں حکم دیا گیا ہے کہ رمضان کے آخری دن تک روزے رکھو۔ اور عید کی نماز سے پہلے صدقہ فطر ادا کرو۔
واضح رہے کہ عالم اسلام ہر سال دو عیدیں مناتے ہیں، عید الفطر اور عید الاضحٰی۔ عیدالفطر کا یہ تہوار جو پورے ایک دن پر محیط ہے اسے چھوٹی عید کے نام سے بھی جانا جاتا ہے جبکہ اس کی یہ نسبت عیدالاضحیٰ کی وجہ سے ہے کیونکہ عید الاضحیٰ تین روز پر مشتمل ہے اور اسے بڑی عید بھی کہا جاتا ہے۔