بغداد: (ویب ڈیسک) عراق میں ایک جنازے کے اجتماع پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے پولیس اہلکاروں سمیت 15 افراد جاں بحق ہو گئے۔
واضح رہے کہ عید الاضحیٰ کی رات بغداد کی ایک پُرہجوم مارکیٹ میں خودکش حملے میں 30 افراد اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جس پر عراقی فوج کا کہنا تھا کہ داعش جنگجو خفیہ ٹھکانوں سے نکل کر عوامی مقامات پر حملے کر رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق کے شمالی شہر میں جنازے کے اجتماع پر جدید اور خودکار اسلحے سے لیس جنگجوؤں نے دھاوا بول دیا۔ جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔
عراق فوج کی جانب سے جاری بیان میں حملے کی ذمہ داری داعش پر عائد کی گئی ہے تاہم حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد اور جنازے کا اجتماع کس کا تھا کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
ادھر امریکی اتحادی افواج اور عراقی فوج کے ساتھ برسوں کی جھڑپ کے بعد ملک کے کچھ ہی حصے میں سمٹ جانے والی شدت پسند تنظیم داعش کی جانب سے اس جنازے کے اجتماع پر حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔