لندن: پاکستانی نژادبرطانوی شہری قتل کے الزام میں گرفتار

Published On 18 July,2021 11:51 am

لندن:(روزنامہ دنیا) میٹروپولیٹن پولیس نے پاکستانی نژاد برطانوی شہری محمد گوہر خان کو ہالینڈ میں مقیم ایک پاکستانی شہری کے قتل کی مبینہ سازش کے الزام میں گرفتار کرکے فرد جرم عائد کردی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کرائون پراسیکیوشن سروس نے تصدیق کی ہے کہ محمد گوہر خان کو ٹھوس شواہد کے بعد گرفتار کیا گیا ہے ۔ ان شواہد میں ویڈیو آڈیو ریکارڈنگز اور دیگر مواد شامل ہے ،ملزم کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ہالینڈ سے لندن کنگ کراس ٹرین سٹیشن پر واپس پہنچا تھا گوہر خان کو پیر کے روز اولڈ عدالت میں جج کے سامنے پیش کیا جائیگا۔

ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ہالینڈ میں مقیم پاکستانی شہری کے قتل کی سازش کا منصوبہ بنایا اور فروری سے لیکر جون تک اس حوالے سے ہالینڈ کا سفر بھی کرتا رہا ،ملزم نے پاکستانی شہری کے گھر پر نگرانی کی، اس مقدمے میں لندن میٹروپولیٹن پولیس اور ہالینڈ کی پولیس نے مشترکہ طور پر تحقیقات کیں، برطانیہ اور ہالینڈ کی انٹیلی جنس سروس نے اس حوالے سے ایک دوسرے سے قریبی تعاون کیا ۔کرائون پراسیکیوشن سروس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملزم پر فرد جرم عائد کردی ہے ۔