امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھی ایک ایک کرکے ان کا ساتھ چھوڑنےلگے

Published On 08 January,2021 07:56 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) مظاہرین کو امریکی کانگریس پر دھاوا بول دینے کے لیے کیوں اکسایا؟ ٹرمپ کے ساتھی ایک ایک کرکے ان کا ساتھ چھوڑنےلگے، دو وزراء سمیت ٹرمپ انتظامیہ کے بارہ ارکان نےعہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ ٹویٹر نے ٹرمپ کا اکاؤنٹ بارہ گھنٹے معطلی کے بعد بحال کردیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی کانگریس کی عمارت پر بلوائیوں کا حملہ، ٹرمپ کی اپنے حامیوں کو تشدد پر اکسانے اور توڑپھوڑ کرنے والوں کی حمایت ، غیر جمہوری اقدام پر دو سیکرٹریز سمیت ٹرمپ انتظامیہ کے 12 ارکان عہدے چھوڑ گئے۔

صدر ٹرمپ کی کابینہ سے الگ ہونے والے سیکرٹریز میں Transportation Secretary، Elaine Chao اور Education Secretary Betsy DeVos شامل ہیں۔ ان کے علاوہ اسسٹنٹ سیکرٹری برائے ہیلتھ اینڈ ہیومن سروس اور میلانیا ٹرمپ کی چیف آف سٹاف،، سمیت آٹھ دیگر عہدیدار بھی مستعفی ہوگئے۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے صدر ٹرمپ کا اکاؤنٹ بارہ گھنٹے معطل رکھنے کے بعد بحال کردیا ہے جبکہ فیس بک اور انسٹا گرام پر ٹرمپ کے اکاؤنٹس ابھی تک معطل ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق متعدد کمپنیوں اور اداروں نے ہنگامہ آرائی میں ملوث اپنے ملازمین کی شناخت کرنے کے بعد انہیں ملازمتوں سے فارغ کر دیا ہے۔

نیویارک کے ایک پبلشر نے سینیٹر Josh Hawley کی کتاب چھاپنے سے معذرت کر لی، سینیٹر نے سوشل میڈیا پر پر تشدد مظاہروں کی حمایت کی تھی۔