کورونا کی طرح دوسری وبائی امراض کے لئے بھی تیار رہنا چاہیے: ڈبلیو ایچ او

Published On 27 December,2020 06:48 pm

جنیوا: (اے پی پی) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ دنیا کو کورونا وائرس کی طرح دوسری وبائی امراض کے لئے بھی تیار رہنا چاہیے۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈنوم گیبریس نے بتایا ہے کہ مستقبل میں مزید وبائی امراض دستک دے سکتی ہیں لہذا دنیا کو اس کے لئے تیار رہنا چاہیے۔

ٹیڈروس ایڈنوم گیبریس نے کہا کہ دنیا نے گذشتہ 12 مہینوں میں بہت زیادہ نشیب و فراز دیکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ موسم بہار میں کورونا وائرس کی وبا شروع ہونے سے قبل ایسے متعدد جائزے اور اطلاعات سامنے آئیں جن میں کہا گیا تھا کہ دنیا ایسے بحرانوں کے لئے تیار نہیں ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ تمام ممالک کو اپنی صلاحیتوں سے بھرپور طریقے سے استفادہ کرنا چاہئے اس لئے کہ تاریخ نے ہمیں بتایا ہے کہ یہ آخری وبائی بیماری نہیں ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں اب تک 8 کروڑ سے زیادہ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس جان لیوا وبا سے 17 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔