لندن: (روزنامہ دنیا) امریکا کے بعد برطانیہ نے بھی افغانستان میں تعینات اپنے فوجیوں کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیر دفاع بین والیس نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ ملکی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے امریکا کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا اس وقت نہ تو امریکا تمام تر دستے واپس بلا رہا ہے اور نہ ہی برطانیہ ایسا کرے گا البتہ دستوں کی تعداد کم ضرور کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ قائم مقام امریکی وزیر دفاع کرسٹوفر ملر نے کہا تھا کہ افغانستان سے 2 ہزار اہلکار واپس بلائیں گے جس سے افغانستان میں فوج کی تعداد ڈھائی ہزار تک رہ جائے گی، انہوں نے عراق سے بھی 500 اہلکار واپس بلانے کا کہا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فوج کی بیرون ملک تعداد میں کمی کا فیصلہ صدر ٹرمپ نے قومی سلامتی کیبنٹ اور امریکی حکومت میں موجود دیگر عہدیداران سے مہینوں پر محیط طویل مشاورت کے بعد کیا ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ نیٹو نے افغانستان و عراق سے امریکی فوج کے قبل از وقت انخلا پر خدشات کا اظہار کیا تھا۔